بھٹکل 7 جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے شرالی میں بس پر چڑھنے کے دوران اچانک بس چل پڑنے سے طالبہ نیچے گرکر زخمی ہوگئی جس کی شناخت موڈ شیرالی کی رہنے والی چترا منجوناتھ نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ چیترا بیندور پی یو کالج میں پی یو سی اول سائنس کی طالبہ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ چیترا صبح قریب ۷:١٥ بجے شرالی سے بیندور جانے کے لئے بس کے انتظار میں تھی، اس دوران کمٹہ سےبھٹکل جانے والی بس پر چڑھنے کے دوران نیچے گرکر زخمی ہوگئی۔ واردات کے فوری بعد گھر والوں سمیت علاقہ کے کئی لوگ بھٹکل بس اسٹینڈ پہنچ گئے اور اس بات پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کرنا شروع کردیا کہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی سے ایسا ہوا ہے لہٰذا اُس کے خلاف کاروائی کی جائے۔
اطلاع ملتے ہی پولس سمیت کے ایس آرٹی سی بس ڈپو مینجر دیواکر جائے وقوع پر پہنچے اور بس ڈرائیور کے خلاف مناسب کاروائی کرنے کا یقین دلاتےہوئے اُن کی ناراضگی کو دور کرنے کی کوشش کی۔
حادثے میں طالبہ کے دونوں ٹخنوں پر چوٹ آئی ہے، شرالی کے سرکاری اسپتال لے جا کراس کی مرہم پٹی کرائی گئی ہے۔